احمد آباد ،23؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)گجرات کے نوجوان لیڈر ہاردک پٹیل نے گرچہ اگلے ماہ ہونے جا رہے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا موقف لینے کی خواہش بنا لی ہو لیکن یہ بھی صاف ہے کہ وہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے ساتھ نظرنہیں آئیں گے۔ہاردک پٹیل نے کہا کہ آئین کے تحت پاٹیدارو کو ریزرویشن ملے، تو اچھی بات ہے، اور وہ ہر اس پارٹی کی مخالفت کریں گے، جو اس سمت میں نہیں سوچ سکتی۔اسی تناظر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ گجرات بی جے پی کی جاگیر نہیں ہے۔اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی حمایت کرنے کے معاملے پر ہاردک پٹیل نے کہاکہ میں اپنے لوگوں (پٹیل یا پاٹیدار کمیونٹی) کی بات کرتا ہوں، جو سب کو پسند نہیں آتا۔آئین کے مطابق پٹیلو ں کو ریزرویشن ملے، تو کافی اچھی بات ہے اور میں ان تمام جماعتوں کی مخالفت کروں گا، جو دوسری طرح سوچتے ہیں۔ ہاردک نے کہا کہ میں جو بھی کروں گا، اپنے لوگوں کے مستقبل کو ذہن میں رکھ کر کروں گا۔انہوں نے کہاکہ مجھ پر کانگریس کی ’بی ٹیم‘ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے، لیکن میں صرف عوام کی ’بی ٹیم‘ہوں۔انہوں نے یہی بھی کہا کہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے ساتھ کوئی ریلی کرنے کا پلان نہیں ہے۔ پٹیل نے کہا کہ راہل گاندھی کل جمعہ کواحمد آبادآ رہے ہیں اور میرا ان سے ملاقات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔میں انہیں صرف مبارکباد دے سکتاہوں۔پٹیلو ں کوریزرویشن کے معاملے پر پٹیل نے کہاکہ میں نے ایک فارمولہ دیا ہے اور اگر بی جے پی کہتی ہے، اس کا اطلاق نہیں کیا جا سکتا تو انہیں مجھے وجہ بتاتے ہوئے سمجھانا ہوگا صرف مخالفت کرنے سے کام نہیں چلے گا۔پٹیل نے 22 سال سے مسلسل ریاست میں حکمراں بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہاکہ بی جے پی صرف پیسے اور مینجمنٹ کی پارٹی ہے، جو منظم بھی نہیں ہے۔اگر کانگریس اچھا کام کرے گی، تو لوگ ان پر اعتماد کریں گے۔